نئی دہلی،27؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی میں مبینہ کسانوں کے مشتعل احتجاج پرعام آدمی پارٹی نے بیان جاری کیاہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ ہم اس مظاہرے کے دوران ہونے والے تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ یہ افسوسناک ہے کہ مرکزی حکومت نے اس حد تک صورتحال کو خراب کرنے کی اجازت دی ہے۔ پچھلے دوماہ سے جاری یہ تحریک پْر امن ہے۔
کسان رہنماؤں نے کہاہے کہ جو لوگ آج تشدد میں ملوث رہے ہیں وہ اس تحریک کا حصہ نہیں تھے بلکہ غیرسماجی عناصر تھے۔ جو بھی تھا،لیکن یقینا اس تشددنے اس تحریک کوکمزورکردیا ہے جو آج تک پْرامن اور نظم وضبط سے چل رہی تھی۔ ہم آپ کو بتادیں کہ مرکزکے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج نے منگل کو پرتشدد شکل اختیار کرلی۔ یوم جمہوریہ پر ٹریکٹر ریلی کے دوران کسانوں نے زبردست لڑائی کی اور مقررہ راستے سے نکل کر وسطی دہلی میں داخل ہوئے۔ اسی دوران کسانوں کا ایک گروہ ٹریکٹروں میں سوار ہوا اور لال قلعے میں داخل ہوا۔ دہلی میں ہنگامہ برپا کرنے والے کسانوں کو روکنے کے لیے پولیس کوشش کرتی رہی۔
اس سے قبل پولیس نے ان کاشتکاروں پر آنسو گیس کے گولے اور لاٹھی چارج کیا تھا جو دہلی کی مختلف سرحدوں پر ٹریکٹر کے ذریعے قبل از وقت بیریکیڈ نہ ہٹانے اور قومی دارالحکومت میں ٹریکٹر پریڈ کرنے کے لیے مقررہ راستے پر عمل نہ کرنے پراحتجاج کر رہے تھے۔